اتوار,  24 نومبر 2024ء
کوئی اور آپشن نہیں، اس حکومت کو کارکردگی دکھانا پڑے گی، رانا ثنااللہ

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)وزیر اعظم کے مشیر و مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اس حکومت کو کارکردگی دکھانا پڑے گی اور اس کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ’جمہوریت میں مذاکرات کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہوتا، ایک شخص کی جماعت موجود ہے، جو پارلیمنٹ کو تسلیم نہیں کرتا، جمہوریت میں خود کو منوانے کے لیے دوسرے کا وجود تسلیم کرنا پڑتا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہماری مذاکرات کی پیشکش بہت واضح تھی جسے مسترد کردیا گیا، صدر مملکت نے بھی انہیں براہ راست مذاکرات کی دعوت دی جس میں حکومت کی رضامندی شامل تھی۔‘

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ’فوجی تنصیبات پر دہشت گرد اور دشمن ملک حملہ کرتے ہیں، اس بار سیاسی جماعت نے کر دیا۔‘

رانا ثنا اللہ نے آزاد جموں و کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے کہا کہ ’آزاد کشمیر میں یہ سب بہت پہلے سے چل رہا تھا، معاملات پر پہلے توجہ دینے کی ضرورت تھی، تاہم امید ہے ایک دو روز میں یہ معاملہ حل ہو جائے گا۔‘

پیپلز پارٹی کی کابینہ میں شمولیت کے متعلق انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کابینہ میں شامل نہیں لیکن حکومت کا حصہ ہے، امید ہے کابینہ میں شمولیت کے حوالے سے پیپلز پارٹی جلد فیصلہ کر لے گی۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اس حکومت کو کارکردگی دکھانا پڑے گی اور اس کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے۔

اپوزیشن کے احتجاج کی صورت میں بجٹ کی منظوری کے حوالے سے رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ بجٹ منظور کروانے کے لیے ہمارے پاس اکثریت موجود ہے۔

مزید خبریں