اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) نوسرباز خاتون سے نوٹوں کی گڈی پر لگی پن ہٹانے کے بہانے ہاتھ کی صفائی سے چالیس ہزار روپے نکال کر لے گیا،پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق خاتون نگہت وحید نے تھانہ کوہسارکوبتایاکہ وہ حبیب بنک ایف سیون برانچ میں گئیں اور ایک لاکھ روپے نکلوائے۔
درخواست گزار کے مطابق وہاں ایک شخص انکے پاس آیا کہ ہزار روپے کی گڈی کی پن اتار دیتاہوں اور اس دوران وہ پن اتار کر نکل گیا تو انھیں محسوس ہوا کہ رقم کی گڈی ہلکی ہوئی ہے۔
خاتون کے مطابق جب انھوں نے رقم گنی تو چالیس ہزار روپے کم تھے۔

اس وقوعہ پربینک میں موجود سی سی ٹی وی فوٹیج پر بھی وہ شخص صاف نظر آیا جو رقم لیکر وہاں سے نکل گیا۔
کوہسار پولیس نے وقوعہ کا پرچہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔
دوسری جانب بینک انتظامیہ کی سیکورٹی پر سوال اٹھ گئے ہیں اور شہریوں نے کہا ہے کہ بینک کی سیکورٹی اگر ایسی ہے تو مطلب کوئی بھی محفوظ نہیں ہے ۔
ایک شہری نے کہاکہ ایسا لگتا ہے کہ ہمیں پیسے بھی نکلوانے کے لئے اپنے گارڈ رکھنا ہونگے کیونکہ یہاں پر کچھ بھی محفوظ نہیں ہے ۔
ایک اور شہری نے کہاکہ ایچ بی ایل کا بڑا نام ہے اور بینک کی دنیا میں یہ جانا پہچانا برانڈ ہے اس کی سیکورٹی کی یہ صورتحال ہے تو باقی بینکوں کا کیاحال ہوگا؟
انہوں نے سٹیٹ بینک سے مطالبہ کیا کہ تمام بینکوں کی سیکورٹی کے لئے انتظامیہ کو سخت سے سخت ہدایات جاری کی جائیں تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جاسکے۔











