جمعرات,  05 دسمبر 2024ء
صدر مملکت نے آزاد کشمیر میں بگڑتی ہوئی صورتحال پر اہم اجلاس طلب کر لیا

مظفرآباد(روشن پاکستان نیوز) آزاد کشمیر میں بگڑتی ہوئی صورتحال پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے آزاد کشمیر میں پرتشدد احتجاج کا نوٹس لے لیتے ہوئے اہم اجلاس آج طلب کیا ہے، اجلاس میں صدر کو آزاد کشمیر میں احتجاج کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔

صدر آصف علی زرداری کی صدارت میں ہونے والے خصوصی اجلاس میں وزراء اور پارٹی کے اہم رہنما شرکت کریں گے، صدر نے پیپلز پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس بھی آج طلب کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں مہنگی بجلی کیخلاف ہونے والا احتجاج شدت اختیار کر گیا ہے، احتجاج کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان متعدد مقامات پر جھڑپیں ہوئیں اور فائرنگ سے سب انسپکٹر شہید اور 3 اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔

آزاد کشمیر میں مہنگی بجلی کیخلاف ریاست گیر پہیہ جام ہڑتال کو دو روز ہو گئے ہیں، عوامی ایکشن کمیٹی کی تحریک اس وقت پُرتشدد رُخ اختیار کر چکی ہے، میرپور میں مظاہرہ خونی تصادم میں تبدیل ہو گیا۔

مشتعل مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ اور فائرنگ کی گئی، گولی لگنے سے سب انسپکٹر عدنان قریشی شہید، 3 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

مظاہرین نے متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا، پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی۔

مظفر آباد میں بھی پولیس اور مظاہرین میں تصادم ہوا، تانگہ سٹینڈ میں حالات کشیدہ ہو گئے، شہر شہر مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا جس سے 25 سے زائد اہلکار زخمی ہو گئے۔

پولیس نے 100 کے قریب مظاہرین کو گرفتار کر لیا، جھڑپ کے دوران ٹاہلی منڈی میں نوجوان دریائے نیلم میں گر گیا جس کی تلاش جاری ہے۔

مزید خبریں