منگل,  07 جنوری 2025ء
محمد عامر کو آئرلینڈ کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا ویزا مل گیا۔

 

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر محمد عامر پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان آج سے شروع ہونے والی تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ویزا حاصل کرنے کے بعد ڈبلن جانے والے ہیں۔

یہ پیشرفت عامر کے ویزے میں تاخیر کے بعد ہوئی، جس کی وجہ سے وہ منگل کو پاکستانی ٹیم کے ساتھ آئرلینڈ روانہ نہیں ہوئے۔

پی سی بی نے عامر کے ویزا کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے کرکٹ آئرلینڈ کے ساتھ مل کر کام کیا۔ کاکول کیمپ کے فوراً بعد عامر سمیت تمام کھلاڑیوں کی ویزا درخواستوں پر کارروائی کی گئی تھی لیکن عامر کے ویزے میں تاخیر ہونے پر پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں تشویش بڑھ گئی۔

محمد آصف اور سلمان بٹ کے ساتھ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث ہونے پر محمد عامر پر 2010 میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پانچ سال کے لیے بین الاقوامی کرکٹ سے پابندی عائد کر دی تھی۔

2016 میں واپسی کے بعد، 31 سالہ کھلاڑی نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 میں پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، جہاں مین ان گرین نے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو 180 رنز سے شکست دی۔

تاہم، بائیں ہاتھ کے بولر نے انتظامیہ کی جانب سے ذہنی دباؤ کا حوالہ دیتے ہوئے دسمبر 2020 میں 28 سال کی عمر میں بین الاقوامی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔

عامر نے نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ سیریز سے قبل ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لیا اور انہیں قومی اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم اپنے دورہ یورپ کا آغاز آج (جمعہ) آئرلینڈ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کے پہلے میچ سے کرے گی۔

سکواڈ
بابر اعظم (کپتان)، ابرار احمد، اعظم خان، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد عباس آفریدی، محمد عامر (پہلے ٹی ٹوئنٹی کے لیے دستیاب نہیں)، محمد رضوان، محمد عرفان خان، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان خان۔

مزید خبریں