هفته,  23 نومبر 2024ء
لاہور میں پولیس مقابلہ، 1 اہلکار شہید، 1 ملزم ہلاک

لاہور(روشن پاکستان نیوز)لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں پولیس مقابلہ ہوا ہے جس میں 1 پولیس اہلکار شہید ہو گیا جبکہ 1 ملزم ہلاک ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق نواب ٹاؤن پولیس مقابلے میں 1 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا ہے جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس نے بتایا ہے کہ ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہیں فائرنگ کر دی، فائرنگ سے اہلکار خلیل احمد شہید اور ایلیٹ فورس کا جوان عبدالغفور زخمی ہوا ہے۔

ہلاک ملزم کی شناخت فیصل کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ ایک ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔

پولیس کے مطابق شہید کانسٹیبل خلیل کا تعلق عارف والا پولیس سے تھا، تھانہ صدر عارف والا کی پولیس نے ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے ریڈ کیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس پارٹی آئل ٹینکر لوٹنے والے ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے لاہور گئی تھی۔

ڈی پی او نے شہید اہلکار کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کے جوان نے فرض کے لیے اپنی جان قربان کی۔

ادھر مقابلے میں پولیس اہلکار کی شہادت پر آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جی آپریشنز کو ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک تفویض کر دیا۔

اس حوالے سے آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ محکمۂ پولیس اپنے بہادر فرزند کی لازوال قربانی کو فراموش نہیں کرے گا۔

آئی جی پنجاب نے زخمی ایلیٹ اہلکار اے ایس آئی عبدالغفور کی بہترین نگہداشت کی ہدایت بھی کی ہے۔

مزید خبریں