اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) اولمپیئن ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ میں ان کی آؤٹ ڈور ٹریننگ بہترین رہی اور اب ان کا ہدف پیرس اولمپکس میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہے۔
ارشد ندیم نے کہا کہ آؤٹ ڈور سیشنز بہت اچھے رہے اور تھرو میں بہتری آئی، کوچ ٹورسیئس لیبنبرگ نے تکنیک میں کافی بہتری لائی ہے اور اب فٹنس کے حوالے سے پہلے سے کافی بہتر محسوس کر رہا ہوں۔
اولمپیئن جیولین تھرو ارشد ندیم نے جنوبی افریقہ میں 5 ہفتے کی آؤٹ ڈور ٹریننگ مکمل کی جس کے دوران انہوں نے اپنے طاقتور تھرو پر کام کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں مکمل ردھم میں ہوں اور اب فرق بین الاقوامی مقابلوں میں نظر آئے گا، میرا ہدف پیرس اولمپکس میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہے۔
ارشد ندیم دو انڈور سیشنز کے بعد اگلے ہفتے وطن واپس پہنچیں گے۔