لندن(صبیح زونیر) پاکستانی نژاد رکن پارلیمنٹ افضل خان نے برطانوی حکومت سے فوری طور پر اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی دارالعلوم (ایوان زیریں) میں پاکستانی نژاد رکن پارلیمنٹ افضل خان نے برطانوی حکومت سے فوری طور پر اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی حکومت کو چاہیے کہ وہ اسرائیل کو رفح میں قتل عام کے لیے اسلحہ فراہم نہ کرے اور اسرائیل کو اس بات پر گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرے کہ وہ غزا میں امداد کی فراہمی کی اجازت دے ۔
انہوں نے کہاکہ اسرائیلی وزیراعظم نے ایک مرتبہ پھر ثابت کیا کہ وہ اپنے اتحادیوں کی بات نہیں سن رہے اور نہ ہی عالمی عدالت انصاف کے حکم پر عمل پیرا ہیںبلکہ پورے غزہ کو انہوں نے قبرستان میں تبدیل کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیا ابھی بھی برطانوی حکومت اسرائیل کواسلحہ فراہمی پر پابندی لگانے کے بارے میں سوچے گی؟
انہوں نے کہا کہ اب پیچھے بچا ہی کیا ہے؟
افضل خان نے کہا کہ برطانوی حکومت اسرائیل پر ہتھیاروں کی پابندی عائد کر کے غزہ میں قتل عام اور نسل کشی کی روک تھام میں اپنا کردار ادا کرے اورغزہ اور رفح کے معصوم اور نہتے شہریوں کو ان کے جینے کا حق فراہم کیا جائے۔