اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان میں کام کرنے والی ٹیلی کام کمپنیوں کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق ٹیلی کام کمپنیاں صارفین کی موبائل سم کو اچانک بلاک نہیں کر سکتیں۔
نان فائلرز کی موبائل سمز بلاک کرنے کے معاملے پر ٹیلی کام کمپنیوں کی جانب سے وزارت آئی ٹی اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو خط لکھ دیا گیا ہے جس میں انکم ٹیکس جنرل کے نفاذ کے حوالے سے قانونی رکاوٹوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
خط میں کہا گیا کہ ٹیلی کام کمپنیاں ٹیلی کام ایکٹ کے تحت بلاتعطل خدمات فراہم کرنے کی پابند ہیں، قانون کے مطابق ٹیلی کام کمپنیاں صارفین کی موبائل سمز اچانک ختم نہیں کرسکتیں۔IG2O کے نفاذ سے صارفین کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ لاکھوں سمز بلاک کرنے کے احکامات پی ٹی اے اور صارفین کے قانونی حقوق کے خلاف ہیں۔
موبائل سمز کو بلاک کرنا ٹیکس دہندگان ٹیلی کام کمپنیوں کے حقوق کی بھی خلاف ورزی ہے۔ سمز کی بندش سے پہلے مروجہ قانونی تقاضوں کو پورا کرنا ضروری ہے۔ آئی ٹی جی او کے تحت موبائل سموں پر پابندی لگانے سے پہلے بڑے پیمانے پر میڈیا مہم چلائی جائے۔
ٹیلی کام انڈسٹری کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ سمز بلاک کرنے کے فیصلے سے قبل آئینی اور قانونی پہلوؤں پر غور نہیں کیا گیا۔
خط میں کہا گیا کہ نان فائلرز کو پابندی کے بارے میں میڈیا مہم کے ذریعے آگاہ کیا جائے۔ ایف بی آر ٹیکس قوانین کو شفاف طریقے سے قانونی اور طے شدہ طریقہ کار کے مطابق نافذ کرے۔