ملک میں ایرانی تیل کی اسمگلنگ کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا، کسٹم، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے درجنوں افسران بھی ملوث تھے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں بڑے پیمانے پر ایرانی تیل کی سمگلنگ کا نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا۔ اس غیر قانونی کام میں کسٹم اور پولیس سمیت ضلعی انتظامیہ کے درجنوں افسران اور اہلکار سہولت کار نکلے ہیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے رپورٹ کسٹم حکام کو بھجوا دی، رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایرانی تیل بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے 13 راستوں سے اسمگل کیا جاتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایرانی تیل کی اسمگلنگ میں 105 سمگلر ملوث ہیں۔ شیخوپورہ سے 6، رحیم یار خان سے 6 سمگلر ملوث ہیں۔ کسٹم حکام نے رپورٹ وزیراعظم آفس میں جمع کرادی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایرانی تیل کے سمگلر ملتان، ڈی جی خان، راجن پور اور سرگودھا میں بھی موجود ہیں۔ بھکر، میانوالی اور خوشاب کے سمگلر بھی اس نیٹ ورک کا حصہ ہیں۔