لیڈز(روشن پاکستان نیوز) پاکستان مسلم لیگ صدر( ن) یارکشائر اینڈ ہمبرسائیڈ اسد سجاد بٹ نے کہا ہے کہ برطانیہ میں آباد برطانوی نژاد پاکستانی کمیونٹی کو پاکستانی پاسپورٹ کے حصول کے لیے مسلسل مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ حکومت پاکستان سے پرزور اپیل ہے کہ پاکستانی کمیونٹی کو فوری طور پر پاسپورٹ جاری کئے جائیں کیونکہ پاکستانیوں کی بڑی تعداد پاکستانی پاسپورٹ پر حج بیت اللہ کی تیاریوں میں مصروف ہے ۔
گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں اسد بٹ نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے اپیل کی کہ وہ برطانیہ میں قائم قونصل خانوں اور ہائی کمیشن لندن میں خصوصی ڈیسک بنائیں جو پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کو فوری طور پر حل کرے ۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال بھی پاکستانی کمیونٹی کو پاکستانی پاسپورٹ کے حصول کے لیے بہت سے مشکلات درپیش رہیں جن کے ازالے کے لیے حکومت پاکستان کو فوری طور پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
اسد بٹ نے مزید کہا کہ کئی کئی ماہ سے لوگوں نے پاسپورٹ کے حصول کے لیے درخواستیں دے رکھی ہیں لیکن انہیں یہ کہہ کر واپس بھیج دیا جاتا ہے کہ پاسپورٹ ابھی اسلام آباد سے ہی نہیں آئے ۔
اسد بٹ نے کہا کہ قونصلیٹ آف پاکستان بریڈفورڈ کے عملے کا قبلہ درست کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عملہ عوام کی صحیح معنوں میں خدمت کرے۔