هفته,  04 جنوری 2025ء
گجرات و رحیم یار خان میں پولنگ رک گئی، الیکشن کمیشن کا نوٹس

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)الیکشن کمشنر پنجاب کنٹرول روم نے گجرات اور رحیم یار خان میں پولنگ رکنے کی خبر کا نوٹس لے لیا۔

ترجمان الیکشن کمشنر پنجاب کا کہنا ہے کہ گجرات کے پولنگ اسٹیشن پر پولنگ جاری ہے، پولیس کے ذریعے صورتِ حال پر قابو پا لیا گیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ رحیم یار خان کے حلقے پی پی 266 کے پولنگ اسٹیشن محب شاہ پر جھگڑا پولنگ اسٹیشن سے باہر ہوا تاہم پولنگ اسٹیشن پر پولنگ جاری ہے۔

واضح رہے کہ رحیم یارخان کے حلقے پی پی 266 کے پولنگ اسٹیشن محب شاہ پر جھگڑے کے باعث پولنگ روک دی گئی تھی۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ 2 سیاسی پارٹی کے کارکنوں میں ہاتھا پائی ہوئی، گاڑی کے شیشے توڑ دیے گئے اور جھگڑے میں خاتون سمیت 4 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے، قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر ووٹنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

قومی اسمبلی کے جن حلقوں میں ضمنی انتخاب ہورہا ہے ان میں پنجاب کے 2، خیبر پختونخوا کے 2 اور سندھ کا 1 حلقہ شامل ہے۔

صوبائی اسمبلیوں کی جن نشستوں پر ضمنی الیکشن ہو رہا ہے ان میں پنجاب اسمبلی کی 12، بلوچستان اور سندھ کی 2، 2 نشستیں شامل ہیں۔

مزید خبریں