هفته,  23 نومبر 2024ء
ملت ایکسپریس واقعہ، اعلیٰ سطحی تحقیقات جاری، قیاس آرائیاں نہ کی جائیں،چیف ایگزیکٹو افسر پاکستان ریلویز

 

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)چیف ایگزیکٹو افسر پاکستان ریلویز عامر علی بلوچ نے کہا ہے کہ ملت ایکسپریس واقعہ پر مسافر کے ساتھ ہیں، ہاتھ اٹھانے پر کانسٹیبل کو سخت ترین کارروائی کا سامنا کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ واقعے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات جاری ہیں، حتمی نتیجہ آنے تک قیاس آرائیاں نہ کی جائیں۔ عامر علی بلوچ نے کہا کہ ڈی آئی جی ریلوے پولیس ساؤتھ زون کی سربراہی میں واقعے کی انکوائری جاری ہے۔

انکوائری رپورٹ تین روز میں وزارت ریلوے میں جمع کروا دی جائے گی اور میڈیا سے بھی شیئر کی جائے گی۔ چیف ایگزیکٹو افسر ریلوے نے کہا کہ کسی مسافر کے ساتھ ناروا سلوک بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مسافر ہمارا قیمتی ترین اثاثہ ہیں، اگر ان کا خیال نہیں رکھیں گے تو ریلوے ایک قدم آگے نہیں بڑھ سکتا۔

دریں اثناء ڈی آئی جی ریلوے ساؤتھ زون عبداللہ شیخ کی سربراہی میں قائم کردہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے سی ای او کو اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

کانسٹیبل کے کال ریکارڈ، اسٹیشن پر اس کی حاضری اور عینی شاہدین کی شہادتوں سے مریم بی بی کے ریل گاڑی سے گرنے یا چھلانگ لگانے کے وقت مذکورہ کانسٹیبل کی حیدرآباد میں موجودگی پائی گئی ہے جبکہ خاتون کی نعش چنی گوٹھ میں ملی ہے جو ملتان ڈویژن میں واقع ہے۔

آئی جی ریلوے نے ڈی آئی جی ریلوے ساؤتھ کو کیس کا ہر ممکن زاویے سے جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔ اس ضمن میں چیئرمین ریلویز کو بھی پیش رفت سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جا رہا ہے۔

مزید خبریں