رحیم یار خان (روشن پاکستان نیوز) صوبہ پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں آسانی بجلی گرنے سے بچوں سمیت 4 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق آسمانی بجلی گرنے کا واقعہ تحصیل خانپور کی بستی کھوکھراں فیروزہ میں پیش آیا جہاں میاں بیوی بجلی کی زد میں آکر اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، دونوں کی شناخت 45 سالہ حفیظ اور 40 سالہ کلثوم کے نام سے ہوئی ہے۔
بجلی گرنے کے ایک اور واقعے میں نواحی علاقے کی بستی رکن پور میں 2 کم عمر بچے جاں بحق ہوگئے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں بھی شدید بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے باعث 2 بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ڈائریکٹر جنرل جہانزیب خان کی جانب سے شیئر کی گئی اپ ڈیٹ کے مطابق واقعہ ضلع سوراب میں پیش آیا۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں آج بارش کی پیشگوئی اور عوام کو خاص احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔