راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز)بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ میں نے مزاحمت کا جو راستہ چُنا ہے اس پر قائم رہوں گا،میں کسی کی غلامی قبول نہیں کرتا ،غلامی سے بہتر موت ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے ہفتہ کو اڈیالہ جیل میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ توشہ خانہ میں سزا دلوانے کیلئے دبئی میں پارٹ ٹائم سیلز مین سے گراف جیولری سیٹ کی مالیت کا تخمینہ لگوایا گیا،گراف جیولری سیٹ کی مالیت تین ارب ظاہر کر کے ہمیں سزا دی گئی۔ہم نے گراف جیولری سیٹ کی مزید تین جگہ سے کوٹیشن لے لی ہے،کوٹیشنز کے مطابق گراف جیولری سیٹ کی قیمت ایک کروڑ 80 لاکھ روپے بنتی ہے،
انہوں نے کہاکہ توشہ خانہ ریفرنس بنانے پر چیئرمین نیب اور انعام شاہ کے خلاف کیس کروں گا،فواد چودھری پریس کانفرنس کر چکا تھا لیکن اس کے باوجود اسے وعدہ معاف گواہ بنانے کیلئے پکڑے رکھا۔
انہوں نے کہاکہ زرداری اور نواز شریف نے توشہ خانہ سے گاڑیاں لیں ان کا کیس کیوں نہیں سنا جا رہا؟
عمران خان نے کہاکہ پرویز الہٰی اور شاہ محمود قریشی آج پریس کانفرنس کر دیں تو ان کے کیسز ختم ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ اگست میں جب مجھے پکڑا گیا تو پولیس میرے بیڈ روم میں داخل ہوئی وہاں سے میرا پاسپورٹ اور چیک بک بھی لے لیے گئے۔
اس سوال پر کہ کیا آپ کو قاضی فائز عیسیٰ سے انصاف کی امید ہے ؟ کے جواب میں بانی پی ٹی نے کہاکہ قوم سب کچھ دیکھ رہی ہے میں اس پر کوئی رائے دینا نہیں چاہتا۔
انہوں نے کہاکہ 18 مارچ کو مجھے جوڈیشل کمپلیکس میں قتل کرنے کا منصوبہ تھا،24گھنٹے پہلے ہی جوڈیشل کمپلیکس کو ٹیک اوور کر لیا گیا تھا،سادہ کپڑوں میں ملبوس بہت سے لوگ جوڈیشل کمپلیکس میں موجود تھے،کیوں جوڈیشل کمپلیکس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے نہیں لائی جا رہی۔
انہوں نے کہاکہ جو مشرقی پاکستان میں ہوا وہی آج ہو رہا ہے۔مشرقی پاکستان میں مجیب الرحمن کا مینڈیٹ چوری کر کے ملک توڑا گیا۔مجیب الرحمن کی اکثریت سے یحیی خان کی طاقت ختم ہو جاتی۔حمود الرحمن کمیشن رپورٹ میں لکھا ہے کہ مجیب الرحمن الیکشن جیت گیا تھا ۔مشرقی پاکستان کی طرح اب بھی ہمارا مینڈیٹ کم کر کے ہمیں کنٹرول کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
عمران خان نے کہاکہ اس وقت بادشاہ پیچھے بیٹھا ہوا ہے اور محسن نقوی وائسرائے بنا ہوا ہے،شہباز شریف فیتے کاٹتا پھر رہا ہے اس کے پاس کوئی طاقت نہیں۔
عمران خان نے کہاکہ ملک کا معاشی طور پر بیڑا غرق ہونے لگا ہے۔ججز کہہ رہے ہیں کہ ایجنسیاں دھمکا رہی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ آصف زرداری اور شریف فیملی کے اربوں ڈالر بیرون ملک پڑے ہوئے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی نے کہاکہ آصف زرداری نے بیان دیا کہ ایک سیاسی جماعت فوج کا امیج خراب کر رہی ہے،جب ہم اقتدار میں تھے تو فوج کا امیج آسمان پر تھا۔
انہوں نے کہاکہ میں نے کبھی فوج سے لڑائی نہیں کی جنرل(ر) باجوہ نے ہماری پیٹھ میں چھرا گھونپا،میں اس وقت کے آرمی چیف جنرل باجوہ کو ڈی نوٹیفائی کر سکتا تھا لیکن نہیں کیا۔ہم نے اس سب کے باوجود بھی جنرل(ر) باجوہ سے ملاقات کے لیے کمیٹی بنائی۔
انہوں نے کہاکہ میں کسی کی غلامی قبول نہیں کرتا ،غلامی سے بہتر موت ہے۔











