کراچی(روشن پاکستان نیوز)گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ حیدرآباد کے 50 ہزار طلبا کو آئی ٹی کورس کرایا جائے گا، اچھی بات ہے کہ 2 دن میں 6 ہزار سے زائد طلبہ نے رجسٹریشن کرائی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی زیر صدارت آئی ٹی پروگرام کے آغاز کے حوالے سے اجلاس ہوا۔
اجلاس میں کامران ٹیسوری نے کہا کہ ٹیسٹ کے بعد حیدرآباد کے 50 ہزار طلبہ کو آئی ٹی کورس کرایا جائے گا، یہ دیکھنا خوش آئند ہے کہ ویب سائٹ کے آغاز کے بعد 2 دن میں 6 ہزار سے زائد طلبہ کی رجسٹریشن ہوئی ہے۔اس پروگرام سے نوجوان خود کفیل اور لاکھوں روپے کمانے کے قابل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام 50 کروڑ کی لاگت سے شروع کیا جا رہا ہے، جس کے لیے ڈونرز موجود ہیں، آئی ٹی پروگرام جلد سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی شروع کیا جائے گا۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ آئی ٹی پروگرام کے تحت ٹیسٹ کا سلسلہ 2 ماہ میں شروع کر دیا جائے گا، پروگرام مایوس نوجوانوں کے لیے امید کی کرن اور معیشت کے لیے اہم ثابت ہوگا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ اس پروگرام کے لیے سرکاری فنڈز کا ایک روپیہ بھی نہ لیا جائے۔