اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف نے مشترکہ مفادات کونسل کی تشکیل نو کر دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد مشترکہ مفادات کونسل کی تشکیل نو کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
8 رکنی مشترکہ مفادات کونسل کی سربراہی وزیراعظم شہباز شریف کریں گے جب کہ چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کونسل میں بطور ممبر شامل ہوں گے۔
اس کے علاوہ پہلی بار مشترکہ مفادات کونسل میں وزیرخزانہ کے بجائے وزیر خارجہ کو شامل کیا گیا ہے۔
وزیر خزانہ مشترکہ مفادات کونسل کے مستقل رکن ہیں تاہم وزیر اعظم شہباز شریف نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو ان کے تجربے اور صوبوں کے ساتھ معاملات طے کرنے کی صلاحیت کو دیکھتے ہوئے مشترکہ مفادات کونسل میں شامل کیا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب پہلی بار کابینہ کا حصہ بنے ہیں، اس لیے ان کی جگہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو کونسل میں شامل کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کے پی سے وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر صفران امیر مقام بھی مشترکہ مفادات کونسل میں شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مشترکہ مفادات کونسل 21 مارچ 2024 سے وجود میں آئی۔