فیصل آباد (روشن پاکستان نیوز) فیصل آباد کے تھانہ غلام آباد کا سب انسپکٹر کیمیکل ڈور کے کاروبار میں ملوث افراد سے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق آر پی او فیصل آباد ڈاکٹر محمد عابد خان نے تھانہ غلام محمد آباد کا اچانک دورہ کیا، اس دوران کیمیکل ڈور بنانے والوں سے پیسے لیتے ہوئے سب انسپکٹر محمد ابراہیم رنگے ہاتھوں پکڑا گیا جسے آر پی او کے حکم پر فوری گرفتار کر لیا گیا۔
آر پی او فیصل آباد نے ڈور بنانے والوں کیخلاف موثر کارروائی نہ کرنے پر سخت ایکشن لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ غلام محمد آباد علی عمران سمیت پورے عملے کو بھی معطل کر دیا اور ایس ایس پی آپریشن حسن جاوید بھٹی کو انکوائری کرنے کا حکم دے دیا۔
مزیدپڑھیں:امریکی سفیرکی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات پر وضاحت
دوسری جانب سابق ایم این اے راؤ اجمل کی پتنگ اڑاتے ہوئے ویڈیو منظر عام پر آتے ہی پولیس نے قانون کے مطابق فوری طور پر ایف آئی آر درج کر لی۔
سابق ایم این اے نے سوشل میڈیا بیان میں پتنگ بازی کی ویڈیو کے 5 سال پرانی ہونے کا ذکر کیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں اور قانون کے مطابق میرٹ پر تفتیش کو یقینی بنایا جائے گا۔