گوجرانوالہ(دلشادعلی)ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز گوجرانوالہ زاہد فاروق طلبہ و طالبات کے وظائف ہڑپ کرنے،کرپشن و مالی بد عنوانی پر عہدے سے برخاست ، پیڈا ایکٹ کے تحت انکوائری شروع ،ضلع بھر کے کالجز کے ترقیاتی فنڈز اور طلبہ و طالبات کے وظائف بھی نہ چھوڑے ، زاہد فاروق کے خلاف اس سے پہلے بھی مالی بد عنوانی اور بھرتیوں میں رشوت لینے کے خلاف مختلف انکوائریاں چل رہی ہیں ، میرے خلاف کرپشن کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں ، انکوائری میں بے گناہ ثابت ہونگا ، معطل شدہ ڈپٹی ڈائریکٹر کا موقف ۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب نے ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز گوجرانوالہ زاہد فاروق کو مالی کرپشن میں ملوث ہونے پر پیڈا ایکٹ 2006 کے تحت کارروائی کرتے ہوئے معطل کر دیا ہے اس سلسلے میں سیکرٹری ہائر ایجوکیشن پنجاب نے باقاعدہ معطلی کے احکامات جاری کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز گوجرانوالہ زاہد فاروق کو فوری عہدہ چھوڑنے اور محکمہ ہائر ایجوکیشن رپورٹ کرنے کی ھدایت جاری کی ہے ۔
ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز گوجرانوالہ کو ضلع بھر کے مختلف کالجز کیلئے ترقیاتی کاموں کی مد میں جاری ہونے والی گیارہ لاکھ روپے سے زائد کی گرانٹ اور طلباء و طالبات کیلئے جاری ہونے والے وظائف کی بھاری رقوم خوردبرد کرنے پر نا اھلی کرپشن اور بدعنوانی کے ارتکاب پر پیڈا ایکٹ کے تحت معطلی کی کارروائی کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ زاہد فاروق کے خلاف اس سے پہلے بھی مختلف کالجز میں کلاس فور کی بھرتیوں میں مال بنانے اور میرٹ سے ہٹ کر بھرتیاں کرنے پر اینٹی کرپشن اور محکمانہ طور پر انکوائریاں چل رہی ہیں ، اس سلسلے میں جب زاہد فاروق سے ان کا موقف پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ یہ سارے الزامات جھوٹ پر مبنی ہیں ان میں کوئی صداقت نہیں ہے۔











