آخری دم تک دہشت گردی کا مقابلہ اپنی پوری طاقت سے کریں گے: آرمی چیف

راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف کی صدارت میں داسو ہائیڈل پاور منصوبے پہ کام کرنے والے چینی باشندوں پہ دہشتگرد حملہ کے حوالہ سے ہنگامی اجلاس، ملک کے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اظہار، ہم دہشت گردوں کے خاتمے تک لڑیں گے، آرمی چیف کا اجلاس سے خطاب۔

ملک میں جاری حالیہ دہشتگردی کی لہر کا جائزہ لینے کے لیے اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء، آرمی چیف، وزرائے اعلیٰ، متعلقہ صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور پولیس کے انسپکٹر جنرلز نے شرکت کی۔ اجلاس میں ترقیاتی منصوبے پر کام کرنے والے معصوم شہریوں پر ہونے والے گھناؤنے حملے پر غور کیا گیا، وزیر اعظم نے حملے کے بے گناہ متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی اور انہیں یقین دلایا کہ اس وحشیانہ فعل کے مرتکب افراد کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا پوری قوم چینی شہریوں کی جانوں کے ضیاع پر غمزدہ ہے، دہشت گردی ایک بین الاقوامی خطرہ ہے، پاکستان کے دشمن پاکستان کی ترقی کو روکنے کے لیے دہشت گردی کرتے ہیں۔ پاک چین دوستی کو نشانہ بنانے والی کارروائیوں کا مقصد خاص طور پر دونوں آہنی بھائیوں کے درمیان بداعتمادی پیدا کرنا ہے۔۔

وزیر اعظم نے اس تندہی کو سراہا جس کے ساتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مقامی لوگوں نے حملے کا جواب دیا، جس سے بہت سی قیمتی جانیں بچ گئیں۔ وزیر اعظم نے ریاست کے تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مکمل مشترکہ تحقیقات کرنے کی ہدایت کی۔

شرکاء نے سرحدوں کے پار دہشت گردوں کے لیے دستیاب پناہ گاہوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے علاقائی نقطہ نظر کی ضرورت پر زور دیا۔

مزید پڑھیں:پاک فوج امن و استحکام کے لیے ہمیشہ خدمات سرانجام دیں گے، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر

اجلاس کے دوران آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے مسلح افواج کے عزم کا اعادہ کیا۔ جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا قوم نے پچھلی دو دہائیوں سے ثابت قدمی سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی ہے اور پاکستان کے مخالفین کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے۔ آرمی چیف نے کہا ہم دہشت گردی سے اس وقت تک لڑیں گے جب تک پاکستان، اس کے عوام اور ان کے مہمانوں پر بری نظر ڈالنے والے ہر دہشت گرد کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔ آرمی چیف نے کہا ہم اس بات کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے کہ پاکستان کی خوشحالی میں کردار ادا کرنے والا ہر غیر ملکی شہری خصوصاً چینی شہری پاکستان میں محفوظ رہے۔ ہم آخری دم تک دہشت گردی کا مقابلہ اپنی پوری طاقت سے کریں گے۔

میٹنگ کے اختتام پر شرکاء نے ریاست کو دستیاب تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے دہشت گردی سے جامع طور پر نمٹنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید خبریں