گوجرانوالہ(دلشادعلی) پی ایچ اے کے زیر اہتمام پلانٹ فار پاکستان مہم کی تیاریاں تیزی سے جاری، ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ اورگوجرانوالہ کو سرسبز و شاداب بنانے کے لئے ڈی جی پی ایچ اے شاہد عباس جوتہ اپنی ٹیم کے ہمراہ بھرپور انداز میں مصروف عمل،شہریوں میں پودے لگانے سے متعلق بھرپور آگاہی دی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشن اقبال پارک کے سبزہ زار میں چیل کے پودے لگانے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر تعلقات عامہ منور حسین بھی اس موقع پر انکے ہمراہ تھے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر پی ایچ اے گوجرانوالہ پلانٹ فار پاکستان مہم 2024ء کے حوالہ سے ہنگامی بنیادوں پر مصروف عمل ہے اور گرین ایکشن پلان کے تحت گوجرانوالہ کے مختلف مقامات پر 10 ہزار سے زائد پودے لگائے جارہے ہیں،انہوں نے بتایا کہ پلانٹ فارپاکستان مہم کے حوالہ سے ذمہ داریاں تفویض کردی گئیں۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈی جی پی ایچ اے شاہد عباس جوتہ نے کہا کہ گوجرانوالہ کو سرسبز و شاداب بنا کر عوام کو صحت مندانہ ماحول و تفریحی سرگرمیوں کی فراہمی کیلئے پی ایچ اے ہنگامی بنیادوں پر مصروف عمل ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پلانٹ فار پاکستان 2024ء کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کیلئے حقیقی پیش رفت ممکن بنائی جائے، انہوں نے کہا کہ شہر کی اہم سیاسی سماجی شخصیات،وکلاء،ڈاکٹرز،علماء،صحافی ودیگرشعبہ جات سے منسلک افراد سے بھی پودے لگوائے جائیں گے۔
جبکہ عوام میں بلا معاوضہ پودوں کی فراہمی بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے، مزید عوام میں شعور کی بیداری کے حوالہ سے بھی پی ایچ اے بھرپور انداز میں متحرک ہے اور توقع ہے کہ طویل المدت منصوبہ بندی کے تحت مستقل بنیادوں پر جاری اقدامات کی بدولت منظر نامہ یکسر تبدیل ہوجائے گا۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ہارٹیکلچر جہانگیر شہزاد نے شجر کاری مہم کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی، انہوں نے بتایا کہ گوجرانوالہ کے پارکس، گرین بیلٹس اور گرین ایریا کے علاوہ موسم بہار کی شجر کاری مہم کے حوالہ سے پہلے ہی ہنگامی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔
حکومت پنجاب کے احکامات پر پلانٹ فار پاکستان مہم کے حوالہ سے گلشن اقبال پارک،جناح پارک،شہدائے پولیس پارک،چنداقلعہ چوک جی ٹی روڈ، راسخ عرفانی پارک، ماڈل ٹاؤن،اور دستگیر چوک سیالکوٹ روڈ سمیت دیگر اہم مقامات پر لوگوں کو مفت پودوں کی فراہمی کے حوالہ سے سٹال لگائے جائیں گے۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس ذیشان اکبربٹر،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہارٹیکلچرراجہ عمران خان،طارق سلمان،میڈم عائشہ صدیقہ،فخرزمان،ابوبکر عنایت و دیگر موجود تھے۔











