اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کی سینئر رہنما رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے بشام میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بزدلانہ کارروائی میں چینی انجینئرز کے قافلے کو نشانہ بنایا گیاجو داسو میں اپنے کیمپ کی طرف جا رہے تھے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارے دشمن پاکستان میں استحکام دیکھنا چاہتے ہیں نہ ہی پاکستان اور چائنہ کی دوستی ان کو اچھی لگتی ہے ، یہی وجوہات ہیں کہ وہ لوگ جو دشمنانہ عزائم رکھتے ہیں جو کہ یہ چاہتے ہیں کہ پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کیا جائے ،جو یہ چاہتے ہیں کہ پاکستان ترقی نہ کرے، جو یہ چاہتے ہیں کہ پاکستان اور چائنہ کی دوستی کو کمزور کیا جائے ،وہ اس طرح کے دہشت گرد حملے کرتے ہیں ۔
مزیدپڑھیں:مجھے جیل میں رکھ لیں مگر باقی رہنماؤں کو رہا کردیں، عمران خان
انہوں نے کہا کہ پاکستانی فورسز ،پاکستانی عوام بالکل ایک آواز بند کر ان ناپاک عزائم کو شکست دینے کے لیے تیار ہیں، پاکستان اور چائنہ کی دوستی لازوال ہے ،وہ اس طرح کے بزدلانہ حملوں سے کمزور نہیں پڑے گی ،لیکن یہ ایک بہت افسوس ناک واقعہ ہے جس میں پانچ چینی باشندے اپنی زندگی کی بازی ہار گئے، ہلاک ہونے والے چینی پاکستان کے اندر تعمیر و ترقی کے لیے کام کر رہے تھے وہ تمام لوگ انجینئر تھے اور ایک پاکستانی ڈرائیور کی بھی انتہائی قیمتی جان اس واقعے میں میں چلی گئی۔
انہوں نے کہاکہ ہر جان قیمتی ہے لیکن یہ وہ لوگ جو پاکستان کی تعمیر اور ترقی کے لیے کام کر رہے تھے میں سمجھتی ہوں ان پر حملہ پاکستان پر حملہ ہے ،اور یہ حملہ قابل برداشت نہیں ہے ،بہت عرصے سے کوشش ہو رہی ہے کہ پاکستان اور چائنہ کی دوستی کو نقصان پہنچایا جائے ،جو کہ ناکام ہو رہی ہے۔
سحرکامران نے کہاکہ دہشت گردی کا کوئی مذہب ،کوئی رنگ، کوئی قومیت نہیں ہوتی ،دہشت گردی ایک ایسا ناسور ہے جو کہ ہمارے معاشرے کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے، ہم سب کو ایک ہو کر اس کا مقابلہ کرنا پڑے گا اور دشمنوں کی چالوں کو ناکام بنانا ہوگا کیونکہ یہ دشمن کے ناپاک عزائم ہیں ،یہ دشمن ہمارے ملکوں کی ترقی کے دشمن ہیں، یہ دشمن امن کے دشمن ہیں ،ان کو ہمیں ناکام بنانا ہے ۔
پی پی رہنما نے کہاکہ میں اس حادثے میں جان کی بازی ہارنے والے چینی باشندوں کی فیملی سے تعزیت کرتی ہوں۔
سینیٹر سحر کامران نے کہا کہ چینی حکومت اور چینی عوام سے بھی تعزیت کرتی ہوں ،ہمارے دل ان کے ساتھ ہیں ،ہم اس دکھ کی گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں اور ان کا دکھ اور درد بھی محسوس کر رہے ہیں، یقین کریں یہ ہمارا اپنا دکھ ہے کیونکہ یہ ہم حملہ ہمارے اپنے دل پر حملہ ہے ، ہماری دعا ہے کہ اللہ پاک چین اور پاکستان کی دوستی کو قائم رکھے۔