گوجرانوالہ(بیورو رپورٹ) گیپکو یوم پاکستان کے اہم موقعہ پر بھی عوام کو اذیت پہنچانے سے باز نہ آئی’بلوں میں جعلی جرمانوں کی بھرمار’ گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی کے افسروں، اہلکاروں کی من مانیوں، ناقص حکمت عملی سے آئے روز بجلی بندش کے معاملے نے وزیرآباد میں شہریوں کے کاروبار تباہ کردیئے۔ یوم پاکستان کے موقعہ پر بھی دن بھر بجلی بندش کی سلامیوں نے عوام کو چکرا کر رکھ دیا۔صنعتی حوالے سے اہمیت کے شہر وزیرآباد میں 132کے وی گرڈ اسٹیشن کے متعدد فیڈروں کو آئے روز مرمت اور پرائیویٹ ہاسنگ سکیم کو الیکٹیفائی کرنے کے نام پر بند رکھا جاتا ہے جس سے صنعت کا پہیہ جام ہو کر رہ گیا۔ لوگوں سے روزگار چھنتا جارہا ہے، کاروبار تباہ ہونے اور روزمرہ امور میں شدید مشکلات سے عوام الناس ذہنی مریض بن رہے ہیں، ہسپتالوں میں مریض خوار ہوتے ہیں۔ مسلسل بجلی بند رہنے کے باوجود صارفین کے بلوں میں جعلی جرمانوں کی بھرمار سے لاسز پورے کرنے کی چال نے پہلے سے مالی مشکلات سے دوچار لوگوں کو ذہنی مریض بنا دیا ہے۔ مہنگی ترین بجلی اور اس پر جعلی جرمانے صارفین بجلی کو خود کشیوں پر مجبور کیا جارہا ہے بل درستی کیلئے دفتر جانے والوں سے عملہ اور افسراں بدتمیزی کرتے ہیں جبکہ گلی محلوں میں لوگوں کے دروازوں پر جا کر بل جمع کروانے پر بھی بدتمیزی کی جاتی اور میٹر اتارنے و دیگر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ صارفین کی بڑی تعداد نے بتایا کہ وہ ریگولر آن لائن بل جمع کروانے والے صارف ہیں اس بار بیشتر بلوں میں 2000روپے کے قریب جعلی جرمانے ڈالے گئے ہیں جو آن لائن ڈیپازٹ نہیں ہوتے دفتر جائیں تو وہاں تعاون نہیں کیا جاتا اور صارفین کو زبردستی ڈیفالٹر بنایا جارہا ہے جبکہ مقامی عملہ اور دوسرے دفاتر سے آنے والی ٹیمیں گلی محلوں میں گھروں پر جا کر صارفین سے بدتمیزی کرتی ہیں۔ صارفین کے میٹر اُتار لیں تو واپس لگانے میں کئی کئی روز تک ذلیل و خوار کرتے ہیں۔ یوم پاکستان کے موقعہ پر بھی 6سے 8گھنٹے مسلسل بجلی بند رکھی گئی۔ عوامی، سماجی حلقوں نے بدترین حالات پر شدید احتجاج کرتے ہوئے چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان ، وزیراعظم پاکستان سے صورتحال کا ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔











