راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز)راولپنڈی میں شجر کاری کی اہمیت و افادیت کے پیش نظر 1000 کنال رقبے پر محیط نرسری کا افتتاح کردیاگیا۔جنگلات کے عالمی دن کے موقع پر پی ایچ اے راولپنڈی کی جانب سے گورکھ پور نرسری کی افتتاحی تقریب میں سکولز کالجز کے طلباء نے شرکت کی۔ طلباء نے اپنے ہاتھوں سے چھ ہزار پودے لگائے۔
تفصیلات کے مطابق پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی راولپنڈی کی جانب سے جنگلات کے عالمی دن کے موقع پر ایک ہزار کنال رقبے پر محیط گورکھ پور نرسری کا افتتاح ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے پودا لگا کر کیا۔
افتتاحی تقریب کا انعقاد راولپنڈی کے نواحی علاقے گورکھپور میں کیا گیا جہاں ہر ایک ہزار کنال رقبہ نرسری کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے فراہم کیا گیا ہے۔
افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ اور ڈائیریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی راولپنڈی نے خصوصی شرکت کی اور اسکے علاؤہ راولپنڈی سے مختلف اسکولز اور کالجز کے طلباء نے بھی خصوصی شرکت کی اور اپنے ہاتھوں سے سینکڑوں پودے لگائیں۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے کہا کہ دنیا بالخصوص پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونیوالے چیلنجز کا سامنا ہے اور ان درپیش چیلنجز سے جنگلات کے پھیلاؤ اور شجر کاری کی اقدامات سے ہی نمٹا جا سکتا ہے ۔
ملک میں جنگلات کی اہمیت و افادیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرہ ارض پر جنگلات انسانی بقاء کے ضامن ہیں اور حکومت ماحولیاتی تبدیلیوں کے عوامل سے پیدا ہونیوالے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مثبت اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے کہا کہ گورکھ پور نرسری رقبے کی لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی نرسری ہے جو پنجاب اور ملک بھر میں جنگلات کی اہمیت و افادیت کے عوامل کو یقینی بنانے میں سنگ میل کا کردار ادا کرے گی۔
مزیدپڑھیں:برطانیہ میں میوزیکل نائٹ پروگرامزاوورسیز پاکستانیز کی عدم دلچسپی کے باعث مکمل فلاپ
ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی راولپنڈی احمد حسن رانجھا نے گورکھ پور نرسری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورکھ پور نرسری گرین پاکستان کے حوالے سے جاری اقدامات میں بہت اہمیت کی حامل ثابت ہو گی جہاں سے وسیع پیمانے پر شجر کاری کے حوالے سے آئندہ مہینوں میں پودے فراہم کیے جائیں گے اور یہاں پر انواع اقسام کے پودوں اور گھاس پیدا کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مجموعی رقبے کا پانچ فیصد سے کم رقبہ جنگلات پر مشتمل ہے جو ایک قابل تشویش امرہے اور شجر کاری جیسے اقدامات سے ہی پاکستان میں جنگلات کی افزائش یقینی بنائی جا سکتی ہے۔
گورکھ پور نرسری کی افتتاحی تقریب میں راولپنڈی کے مختلف سکولز کالجز بالخصوص وقار النساء گریجویٹ کالج اور فاطمہ جناح وومن یونیورسٹی کی طالبات نے بھی شرکت کی اور اپنے ہاتھوں سے پودے لگائیں۔ پی ایچ اے راولپنڈی کی جانب سے شہر میں خصوصی طور پر شجر کاری کی مہم شروع کی گئی ہے اور عوام میں اس حوالے سے مفت پودے بھی تقسیم کیے جا رہے ہیں تاکہ عوامی سطع پر شجر کاری کی مہم کو کامیابی سے یقینی بنایا جا سکے۔











