گوجرانوالہ(دلشاد علی)معروف معالج ڈاکٹر حافظ محمد مشتاق نے کہا ہے کہ پرائیویٹ تعلیمی ادارے شرح خواندگی کا گراف بلند کرنے اور فروغ تعلیم کیلئے کلیدی کردار ادا کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے دنیا کے اندر بہتر مقام و مرتبہ حاصل کرنا ہے تو اس کے لیے ہمیں تعلیم پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ اور اپنی نوجوان نسل کے اندر مثبت سوچ پیدا کرنا ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے حافظ ماڈ ل بوائز ہائی سکول فرید ٹائون کی سالانہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے پرنسپل حافظ عمران یعقوب،چیئرمین حافظ محمد اشفاق،،حافظ ابوبکر،محمد تیمور عمران و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل حافظ عمران یعقوب نے کہا کہ بچوں کو جدید سائنسی تعلیم کے ساتھ ساتھ دین اسلام کی تعلیمات سے روشناس کروانا ہمار ا فرض اولین ہونا چاہیئے۔
ہم آنے والی نسلوں کیلئے ایک محفوظ اور خوشحال پاکستان کیلئے جدوجہد کر رہے ہیںاور بچوں اور بچیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کر رہے ہیں ۔
حافظ عمران یعقوب نے کہا کہ اس مادی دور میں جہاں تعلیم ایک منافع بخش کاروبار بن چکا ہے وہیںحافظ ماڈل ہائی سکول فرید ٹائون کے بچوں اور بچیوں کے معمولی فیسوں کے ساتھ معیاری تعلیمی ضروریات کو پوری کر رہا ہے۔ چیئرمین حافظ محمد اشفاق و دیگر مقررین نے کہا کہ تعلیمی ترقی کے بغیر کسی ملک کی ترقی ممکن نہیں اور نوجوان نسل علم کے سب سے بڑے ہتھیار کو استعمال کرتے ہوئے اپنے مذہب، معاشرے اور ملک کی ترقی کے لیے میدان عمل میں کود پڑیں۔تقریب میں بچوں کے والدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی اس موقع پر طلباء نے مختلف پرو گرام ٹیبلو اور خاکے بھی پیش کئے۔
آخر میں مہمان خصوصی نے پوزیشن ہولڈرز طلباء میں انعامات تقسیم کئے۔











