اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)پی ٹی آئی کے رہنما ء ورکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے سابق صدر عارف علوی، پارٹی چھوڑنے والوں اور خیبرپختونخوا میں کرپشن کے حوالے سے ہوشربا انکشافات کردیئے ۔
اپنے ایک انٹرویو میں شیر افضل مروت نے کہا کہ نومئی واقعے کے بعد عمران خان کو اپنے سابقہ ساتھیوں کے پارٹی چھوڑنے کا بہت دکھ ہوتا تھا اور ہمیں انہیں یہ بتانے میں بڑی خفت محسوس ہوتی تھی کہ آج فلاں چلا گیا ہے آج فلاں چلا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اسد عمر، فواد چوہدری، پرویز خٹک اور محمود خان سے یہ بالکل امید نہیں تھی کہ وہ پی ٹی آئی چھوڑ جائینگے ،عمران خان ان لوگوں کو شاید اس لیے کبھی معاف نہ کریں کہ انہوں نے دوسروں کیلئے اقتدارکاراستہ ہموار کیا،اگر یہ لوگ ڈٹ جاتے تو ہماری مرکزی قیادت اتنے برے طریقے سے بکھرتی۔
مزیدپڑھیں:عدالت نے 10 سال بعد سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کےعمران خان کے خلاف ہتک عزت کیس کا فیصلہ سنا دیا
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پارٹی چھوڑنے والے لوگوں کی لڑکیوں کے ساتھ نازیبا ویڈیوز تھیں،کچھ کے پیسے کھاتے ہوئے اور رشوتیں لینے کے بھی ویڈیو ثبوت موجود تھے اس لئے انہوں نے توپارٹی چھوڑنے میں ایک سیکنڈ نہیں لگایاکیونکہ ان کو بلیک میل کیا گیا اور وہ ثابت قدم نہ رہ سکے۔
شیر افضل کے مطابق کچھ نے اخلاقی طور پر اور اپنے خاندانی روابط کو بچانے کیلئے دوسری جماعت کو ترجیح دی۔
انہوں نے کہا کہ مزے کی بات یہ ہے کہ بہت ساری ویڈیوز اس دور میں بنی تھیں جب پی ٹی آئی اقتدار میں تھی ۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ عثمان بزدار پی ٹی آئی کا لیڈر نہیں تھا،اس کا جو قد کاٹھ تھا جو سیاسی بصیرت تھی، اس کو شاید کوئی لیڈر بننے بھی نہ دے،وہ ایک فل ان دا بلینکس تھا۔
عارف علوی عمران خان کے ساتھ کھڑا رہا یا دھوکہ دے گیا؟ اس سوال کے جواب میں شیر افضل مروت نے کہا کہ چونکہ میری عمران خان کے ساتھ عارف علوی صاحب کے موضوع پر کئی مرتبہ گفتگو ہوئی ہے تو میں واضح طور پر یہ کہنا چاہتا ہوں کہ عمران خان کی نظر میں عارف علوی اپنا اعتماد کھو چکے ہیں،خاص طور پر اس وقت جب عارف علوی حج پہ گئے تو اس دور کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پی ڈی ایم حکومت نے اس وقت کے چیئرمین سینیٹ کے ذریعے جو قائم مقام صدر بنے وہ قانون سازیاں کرائیں جن کو آج تک ہم بھگت رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:کوئی برف نہیں پگھلی ، علی امین گنڈاپوراور شہبازشریف ملاقات کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی کا بیا ن سامنے آ گیا
ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ خیبرپختونخوا میں ایسے بھی لوگ ہیں جنہوں نے پرویز خٹک سے بھی زیادہ مال کمایا ہے،سابق وزیراعلیٰ کے پی محمود خان نے جو دولت کمائی ہے اور جس انداز میں کمائی ہے بالخصوص مائننگ کے شعبے سے، ان کی اور بھی کئی ساری چیزیں ہمارے ریڈار پر آئی ہیں۔