اسلام اباد (روشن پاکستان نیوز) احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو 2مارچ کو طلب کر لیا ، مریم نواز کو جاتی امرا اراضی کیس میں 2مارچ کو 11بجے طلب کیا گیا ہے اور نیب کی 3رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
خیال رہے اس سے قبل مریم نواز کو 11اگست 2020کو طلب کیا گیا تھا، مریم نواز پر رائیونڈ میں خلاف قانون سستی اراضی خریدنے کا الزام ہے۔
یاد رہے کہ نیب نے مریم نواز کو رائے ونڈ جاتی عمرہ کے علاقے میں چودہ سو چوالیس کنال اراضی غیر قانونی طور پر اپنے نام منتقل کرنے کے الزام میں طلب کیا تھا جبکہ مریم کے ساتھ والد نوازشریف،دادی شمیم بیگم بھی شامل تفتیش ہیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ زمین منتقلی میں ایل ڈی اے کے قواعد و ضوابط کو نظر انداز کیا گیا، شریف فیملی کی اراضی کے ارد گرد تعمیرات کو روکنے کے لئے اراضی کو گرین لینڈ قرار دیا گیا ہے۔
بعد ازاں مریم نواز کی نیب میں پیشی کے موقع پر صورتحال کشیدہ ہوگئی تھی، نیب دفتر کے باہر لیگی کارکنان کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا جبکہ لیگی کارکنوں نے نیب دفتر کے باہر رکاوٹیں ہٹادیں تھیں، جس کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے۔
