اسلام آباد (سٹی رپورٹر)اسلام آباد فوٹو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سپورٹس گالاکا باقاعدہ آغاز کردیا گیا۔ جس میں سینئر صحافیوں اور فوٹو جرنلسٹس کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ نیشنل پریس کلب میں شروع ہونے والے رپجا سپورٹس گالا کا افتاح نیشنل پریس کلب کے صدر شکیل انجم سیکرٹری انور رضا اور رپجا کے صدر سہیل ملک نے کیا، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رپجا کے صدر سہیل ملک نے کہا کہ میڈیا ورکرز کی ابتر معاشی صورتحال کے پیش نظر رپجا تیس لاکھ کے بجٹ سے فوٹو ویب سائٹ کا آغاز کر رہا ہے جس میں پنجاب کے وزیر قانون راجہ بشارت نیشنل پریس کلب کے صدر اور سیکرٹری کا خصوصی تعاون حاصل ہے۔ اس سلسلہ میں نیشنل پریس کلب کے راولپنڈی کیمپ آفس میں دو کمروں پر مشتمل سینٹر کا آغاز عنقریب ہوگا۔ صدرنیشنل پریس کلب شکیل انجم نے کہا کہ انہیں فوٹو جرنلسٹس کی اس کاوش پر بے انتہا خوشی ہے کہ کرونا کے اس دور میں سخت مندانہ سرگرمیوں کا آغاز کیا گیا، خصوصا نقد انعام دینا بہت بڑا کام ہے۔ سیکرٹری نیشنل پریس کلب انور رضا نے اس موقع پر کہا کہ رپجا اپنے ممبران کے لئے بہت اعلٰی اقدامات کررہی ہے، جس پر رپجا کے صدر سہیل ملک قیصر عباسی،عرفان حیدر سمیت یگر عہدیداران مبارک باد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلب اور صحافتی تنظیموں کا فرض ہے کہ وہ اپنے کارکنوں کے چولہے نا بجھنے دیں لہذا نوکریوں کا حصول اور معاشی بہتری کیلئے ہمیں مل جل کرکام کرنا ہوگا، سنئیر صحافی اینکر پریسن جواد فیضی نے اس موقع پر کہا کہ سردی ہو یا گرمی وباٗ ہو یا جنگی محاذ فوٹو جرنلسٹس اگلے محاذوں پر ہوتے ہیں جس پر ان کے حوصلہ کو سلام پیش کرتا ہوں۔ حکومت کا فرض ہے کہ وہ میڈیا ورکرز کو بے روزگار کرنے کی پالیسی کی بجائے مزید نوکریاں دینے کا وعدہ پورا کرے۔ سپورٹس گالا کا آغاز صدر شکیل انجم اور سیکرٹری انور رضا کے مابین کیرم بورڈ میچ سے ہوا۔ جبکہ پہلے روز کیرم بورڈ کے دو میچوں میں عسکری بلتی نے سہیل ملک اور عرفان حیدر نے جمال شاہ کو شلست دی۔ رپجا کے زیر اہتمام سپورٹس گالا دو ہفتے جاری رہے گا جس میں سنوکر کیرم بورڈ اور لڈو کے مقابلے ہوں گے۔
