بجلی کی طویل بندش کیوں ہوئی تاحال کچھ واضع نہیں

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)بجلی کا طویل بریک ڈاون کیوں ہوا؟ وزیراعظم شہباز شریف نےسخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس میں بجلی بریک ڈاؤن کا معاملہ زیر غور آیا، وزیر اعظم شہباز شریف نے بریک ڈاؤن پر سخت غصے کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ڈویژن کے حکام کی سرزنش کی۔
وزیراعظم نے بجلی بریک ڈاؤن کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی۔

ادھروفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بجلی تعطل کے بعد تمام گرڈ اسٹیشن بحال کر دیے گئے، گیپکو کے تمام 60 اور حیسکو کے تمام 71 گرڈ اسٹیشن بحال کر دیے گئے۔
خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ نیشنل گرڈ کے تمام گرڈ اسٹیشن بحال کر دیے گئے، سیلاب زدہ علاقوں کی بجلی کل ہی بحال کردی گئی تھی، تربیلا اور منگلا کے درمیان کچھ تکنیکی ایشو پیش آیا تھا۔ آج صبح سوا 5 بجے بجلی نظام مکمل بحال ہو چکا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاور پلانٹ کو بھی دوبارہ چلانے کے لیے بجلی کی ضرورت ہوتی ہے، کوئلے کے پلانٹس کو بھی 48 گھنٹے درکار ہوتے ہیں۔ جوہری اور کوئلے کے پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار میں48 سے 72 گھنٹے لگیں گے، جوہری اور کول پاور پلانٹس کی بندش کے باعث ملک میں بجلی کی کمی رہے گی، کمی کے باعث محدود پیمانے پر لوڈ شیڈنگ کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک چیز کا خدشہ ہے جسے دیکھنا ہے کہ سسٹم میں کوئی بیرونی مداخلت کا جزو تو نہیں، یہ بھی دیکھنا ہے کہ سسٹم میں انٹرنیٹ ہیکنگ کے ذریعے بیرونی مداخلت تو نہیں ہوئی، سی پیک دشمن حکومت نے بجلی کے پیداواری اور ترسیلی نظام میں کوئی کام نہیں کیا۔ کراچی پاور پلانٹ میں تفتیش کی تو پتہ چلا تھا کہ پرانے کنڈکٹرز لگائے گئے تھے.

دوسری طرف پی ٹی آئی کے رہنما عمر ایوب خان نے بیان میں کہا کہ وزیر توانائی کی پریس کانفرنس کو مسترد کرتے ہیں، کل بجلی کا بریک ڈاؤن غفلت کی وجہ سے ہوا۔
عمرایوب کا کہنا تھا کہ حکومت ایندھن کی بچت کرنا چاہتی تھی، بڑھتے بوجھ کو مینج کرنے کیلئے آن لائن پلانٹس ناکافی تھے۔
انھوں نے کہا کہ بنیادی مسئلہ یہ ہے کہ حکومت نے ملک کو دیوالیہ کردیا ہے ایندھن سمیت دیگر اشیاءکی خریداری کیلئے ان کے پاس ڈالر ختم ہو چکے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بجلی کی طویل بندش سے پورے ملک کے کئی شہروں کا نظام دھرم بھرم ہوگیا تھا،صبح سے لیکر رات گئے تک ملک میں اندھیرے کا راج رہا.

اپنا تبصرہ بھیجیں