اسلام آباد(وجاہت حسین) تھانہ کراچی کمپنی کے علاقہ سیکٹر جی نائن فور فیصل مارکیٹ کے نزدیک ڈکیتی کی واردات کی کوشش کے دوران شور شرابے پر موقع سے فرار ہونے والے ڈکیت کو مارکیٹ کے دکانداروں اور اہل محلہ نے اپنی مدد آپ کے تحت پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ ڈکیت کے پاس سے لوڈڈ پسٹل اور میگزین برآمد ہوا۔ واقعہ جمعرات کے روز 24 جون 2021ء کی صبح ساڑھے گیارہ بجے کے قریب پیش آیا۔ عینی شاہدین کے مطابق سیکٹر جی نائن فور فیصل مارکیٹ کے پاس واقع ایک مکان میں واردات کی نیت سے ڈکیت گھسے تو اہلخانہ نے شور مچا دیا۔ جس پر ڈکیت نے دوڑ لگا دی۔ شور شرابہ سن کر نزدیک ہی واقع فیصل مارکیٹ کے دکانداروں اور اہل محلہ نے پیچھا کرکے ڈکیت کو جی نائن فور کی گلی نمبر 87 کے آخری کونے جنگل ایریا سے پکڑ لیا۔ جب تلاشی لی گئی تو اس کے پاس سے لوڈڈ پسٹل اور میگزین برآمد ہوا۔ واقعہ کی اطلاع پر تھانہ کراچی کمپنی پولیس موقع پر آئی اور ملزم کو تھانے منتقل کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ جی نائن فور میں آئے روز کی وارداتوں سے یہاں کے مکین شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔ ماہ رمضان سے اب تک چوری، ڈکیتی اور راہزنی کی متعدد وارداتیں پیش آ چکی ہیں۔ جی نائن فور سے ہی ایک شہری سے کرولا گاڑی چھینی گئی۔ مسجد کے ساتھ واقع مکان میں ڈکیتی کی واردات پیش آئی اور ڈاکو لاکھوں روپے مالیتی نقدی و زیور لوٹ کر فرار ہوگئے۔ فیصل مارکیٹ جی نائن فور کے ایک دکاندار کو ڈکیتی کے دوران ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے شدید زخمی کر دیا۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کراچی کمپنی پولیس اس علاقے میں جرائم پر کنٹرول پانے میں بالکل ناکام دکھائی دیتی ہےاور ایس ایچ او کا کردار محض شو پیس کے سوا کچھ نہیں بے گناہ افراد کو پکڑ کر ان سے خرچہ پانی وصول کرنا تھانہ کراچی کمپنی کے اہلکاروں کا معمول بن چکا ہے
