احتجاجی مظاہرین کو اسلام آباد داخل ہونے کی اجازت ہی نہ ہو اور شہر سے باہر انکے کیلئے احتجاج کی جگہ مختص کی جائے۔تاجر تنظیمیں

اسلام آباد (سدھیراحمد) اسلام آباد چیمبر کے سینئر نائب صدرجمشید شیخ نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں آئے روز کے جلسے جلوسوں اور دھرنوں نے اسلام آباد کی تاجر برادری کو شدید پریشانی سے دوچار کر رکھا ہے،کسی کو بھی شہر بند کر نے کی اجازت نہیں دی جا سکتی وزیراعظم ، وفاقی وزیر داخلہ اور آئی جی اسلام آباد سے درخواست ہے کہ احتجاج کیلئے شہر سے باہر کوئی جگہ مختص کی جائے تاکہ شہر اقتدار کے باسیوں کو آئے روز کی اذیت سے چھٹکارا مل سکے،انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد کی مختلف تاجر تنظیموں کے منتخب عہدیداروں کے ہمراہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، جمشید شیخ کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی دارالحکومت کے حالات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں، آئے روز سیاسی، مذہبی جماعتیں، سول سوسائٹی و دیگرتنظیمیں احتجاج کے نام پر اسلام آباد کو بند کرنے کی دھمکیاں دیتے ہیں اور جلسے جلوسوں اور دھنوں کے ذریعے شہر اقتدار کو بند کر دیتی ہیں جس سے نہ صرف یہاں کے شہری بلکہ تاجر برادری بھی شدید پریشانی کا شکار ہے کیونکہ آئے روز کی سڑکوں کی بندش سے انکا کاروبار مکمل طور پر تباہ ہو جاتا ہے،احتجاج سب کا جمہوری حق ہے مگر اس کی وجہ سے اسلام آباد کے شہریوں کے حقوق کی پامالی ہو رہی ہے، انہوں نے حکومت سےمطالبہ کیا کہ شہریوں اور تاجروں کے حقوق کا بھی خیال رکھا جائے اور ایسے اقدامات اٹھائے جائیں کہ احتجاجی مظاہرین کو اسلام آباد داخل ہونے کی اجازت ہی نہ ہو اور شہر سے باہر انکے کیلئے احتجاج کی جگہ مختص کی جائےتاکہ اسلام آباد کے شہری اور تاجر سکون کیساتھ اپنے معمولات زندگی سر انجام دے سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں