راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کی دو اساتذہ نے دنیا بھر کے بہترین محققین میں اپنی جگہ بنا کر ملک اور یونیورسٹی کا نام روشن کر دیا ہے۔ راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کی شعبہ نباتیات کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر بینظیر احسن عباسی اور شعبہ کمپیوٹر سائنسز کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر جویریہ امین کو اسٹینفورڈ یونیورسٹی اور ایلسویئر کی جانب سے مرتب کردہ 2024 کی عالمی فہرست میں ٹاپ دو فیصد سائنسدانوں میں شامل ہونے پر ہائیر ایجوکیشن پاکستان کی منعقدہ تقریب میں سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔
یہ درجہ بندی تحقیقی مقالات کے حوالہ جات، علمی اثرات اور بین الاقوامی سطح پر سائنسی کارکردگی کی بنیاد پر تیار کی جاتی ہے۔ ڈاکٹر بینظیر احسن عباسی کو نینو بایوٹیکنالوجی، فائٹو کیمسٹری، مالیکیولر مارکرز، ٹشو کلچر اور بایوانفارمیٹکس کے شعبوں میں ان کی تحقیقی خدمات کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا گیا، جبکہ ڈاکٹر جویریہ امین امیج پروسیسنگ، مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ میں اپنی نمایاں تحقیق کے باعث اس فہرست میں جگہ پانے میں کامیاب ہوئیں۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے حال ہی میں اسلام آباد میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا، جس میں راولپنڈی، اسلام آباد اور گرد و نواح کے علاقوں کے 118 اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے اس عالمی درجہ بندی میں جگہ بنائی۔ راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کی دونوں پروفیسرز بھی اس اعزازی تقریب میں شامل تھیں۔اس موقع پر چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کہا کہ یہ محققین قوم کے ستارے ہیں۔
واضح رہے کہ اسٹینفورڈ یونیورسٹی کی یہ فہرست دنیا بھر میں سائنسی تحقیق کی معیاری پیمائش سمجھی جاتی ہے اور اس میں شمولیت کسی بھی محقق کے لیے نہایت بڑا اعزاز تصور کی جاتی ہے۔ راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کی خواتین سائنسدانوں کا اس فہرست میں شامل ہونا نہ صرف ان کی ذاتی محنت و لگن کا ثمر ہے بلکہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ ادارہ جب اپنے محققین کو مناسب ماحول اور پلیٹ فارم مہیا کرے تو نتائج بین الاقوامی سطح پر بھی نظر آتے ہیں۔











