اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) مباہلہ کے مقام پر اسلام کی تاریخی فتح کی یاد میں جشنِ عیدِ مباہلہ کی ایک خصوصی تقریب مرکزی امام حسین کونسل کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت چیئرمین مرکزی امام حسین کونسل ڈاکٹر غضنفر مہدی نے کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر غضنفر مہدی نے کہا کہ جب اہلِ کلیسا نے حق اور دلیل کو تسلیم کرنے سے انکار کیا تو اللہ تعالیٰ کے حکم کے مطابق حضور نبی اکرم ﷺ مباہلہ کے مقام پر حضرت علیؑ، حضرت فاطمہ زہراؑ، امام حسنؑ اور امام حسینؑ کو اپنے ہمراہ لے کر تشریف لے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اہلِ کلیسا کے بڑے پادری نے جب اس مقدس قافلے کو دیکھا اور ان کے نورانی چہروں کا مشاہدہ کیا تو اپنی قوم کو مباہلہ سے باز رہنے اور شکست تسلیم کرنے کا مشورہ دیا، جس کے بعد انہوں نے مباہلہ سے انکار کرتے ہوئے اپنی شکست تسلیم کر لی۔
انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی کامیابی پنجتنِ پاکؑ کے مقام و مرتبے اور فضیلت کا روشن ثبوت ہے، جسے امتِ مسلمہ ہمیشہ عقیدت و احترام کے ساتھ یاد کرتی رہے گی۔
تقریب کے دوران ڈاکٹر غضنفر مہدی اور علامہ عباس حیدر نے دیگر معزز شرکاء کے ہمراہ جشنِ فتحِ مباہلہ کا خصوصی کیک کاٹا۔ اس موقع پر سبطین رضا لودھی، احسان کبریا، سائمہ ناصر، اخلاق زیدی، ڈاکٹر طاہر کاظمی اور سید امیر حمدانی سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔
تقریب کے اختتام پر امتِ مسلمہ کے اتحاد، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، جبکہ سیدہ سلمیٰ گیلانی کی جانب سے شرکاء کے اعزاز میں ضیافت کا بھی اہتمام کیا گیا۔











