اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) دربار بری امام سرکار کی سیکیورٹی کے حوالے سے اسلام آباد ضلعی انتظامیہ اور خادمِ اعلیٰ بری امام سرکار و باوا کلو سرکار راجہ سرفراز اکرم کی ملاقات جلد ہوگی، ملاقات میں بری امام سرکار کے مزار پر آنے والے زائرین کے لیے سکیورٹی انتظامات، سہولیات کی فراہمی اور مجموعی انتظامی امور پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی، ملاقات میں ضلعی انتظامیہ کے متعلقہ افسران بھی شریک ہوں گے،ذرائع کے مطابق ملاقات کا مقصد بری امام سرکار کے مزار پر آنے والے عقیدت مندوں کے لیے بہتر سکیورٹی اور انتظامات کو یقینی بنانا ہے تاکہ زائرین کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس حوالے سے راجہ سرفراز اکرم کا کہنا ہے کہ زائرین کی حفاظت اور تحفظ سب سے اہم ہے جسے ہر صورت یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی۔











