اداکارہ صبا قمر نے عدالت میں حاضری معافی کی درخواست دائرکردی۔

لاہور (نمائندہ خصوصی )مسجد وزیر خان میں شوٹنگ اور مسجد کا تقدس پامال کرنے کے کیس میں اداکارہ صبا قمر نے بیماری کے باعث عدالت میں حاضری معافی کی درخواست دائر کردی۔مسجد وزیر خان میں شوٹنگ، ویڈیو بنانے اور مسجد میں رقص کرنے کے باعث مسجد کا تقدس پامال کرنے کے معاملے پر اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کے کیس کی سماعت ہوئی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ جویریہ منیر بھٹی نے صبا قمر کے خلاف کیس کی سماعت کی۔
اداکارہ صبا قمر نے بیماری کے باعث عدالت میں حاضری معافی کی درخواست دائرکردی۔ درخواست گزار نے موقف اپناتے ہوئے کہا صبا قمر کچھ دنوں سے بخار میں مبتلا ہے۔ ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق بیماری کی تشخیص کے لیے خون کے نمونے نجی لیبارٹری کو دیئے ہیں۔بیماری کی بنیاد پر صبا قمر کی حاضری معافی کی درخواست منظور کی جائے۔ درخواست کے ساتھ صبا قمر کی ٹیسٹ کے لیے نمونے کی رسید بھی دی گئی ہے۔عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمہ صبا قمر اور بلال سعید کو طلب کر لیا۔ اس کے علاوہ عدالت نے اگلی سماعت پر ملزموں کی بریت کی درخواست پر وکلا کو بھی طلب کیا۔ عدالت نے دوران سماعت ملزموں کو ویڈیو کی یو ایس بی بھی فراہم کر دیں۔
واضح رہے صبا قمر اور بلال سعید پر مسجد وزیر خان میں ڈانس کرنے کا مبینہ الزام عائد ہے۔ پراسیکیوٹر نے تفتیشی رپورٹ میں کہا ہے اداکارہ صبا قمر نے مسجد وزیر خان میں فلم کا سین عکس بند کرایا تھا۔ انہوں نے نکاح کے سیشن میں مسجد میں رقص کیا تھا اور دونوں ملزمان نے فلم کی شوٹنگ کے دوران مسجد کا تقدس پامال کیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس اگست میں سوشل میڈیا پر صبا قمر اور بلال سعید کے گانے کی ریکارڈنگ کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں لاہور کی تاریخی مسجد وزیر خان کے تقدس کو پامال کیا گیا تھا۔ ویڈیو پر سماجی اور مذہبی حلقوں سمیت سوشل میڈیا پر اس کی بھرپور مذمت کی گئی تھی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں