کشمیر کے معاملے پر دنیا میں امن انصاف جمہوریت کے دعویدار خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

مظفرآباد(آر پی این    ) مقبوضہ کشمیر شوپیان میں جاری بھارتی قابض افواج کے محاصرے اور دہشتگردانہ کاروائیوں کیخلاف پاسبان حریت جموں کشمیر کا بھارت مخالف احتجاجی مظاہرہ
بھارت مخالف مظاہرین حکومت ہند اور قابض افواج کے خلاف شدید نعرے بازی کررہے تھے۔
مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیان کے علاقے راولپورہ میں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کی شہادتوں، احتجاج کرنے والے درجنوں شہریوں پر پیلٹ گنوں کے حملوں اور درجن کے قریب رہائیشی مکانات کی تباہی کیخلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا گیا اور ریلی نکالی گئی۔ بھارت مخالف احتجاج میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین بھارتی حکومت، قابض افواج اور مودی کیخلاف شدید نعرے بازی کررہے تھے۔ مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر شوپیان راولپورہ محاصرے کیخلاف احتجاجی جملے درج تھے۔مظاہرین سے چیئرمین پاسبان حریت جموں کشمیر عزیراحمدغزالی، وائس چیئرمین انٹرنیشنل فورم فار جسٹس مشتاق الاسلام، جاوید احمد مغل ، شیخ اظہر ،سردار دانش، عثمان علی ہاشم، محمد ایمل فرزام، مہاجرین نمائندگان چوہدری محمد اسماعیل ، چوہدری شاہ ولی ،عبدالحمید لون اور سید مہر گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کے آج تیسرا روز ہے جب بھارتی قابض فورسز نے شوپیان کے علاقے راولپورہ کا فوجی محاصرہ کیا ہوا ہے قابض فورسز نے تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا جبکہ احتجاج کرنے والے نہتے شہریوں پر پیلٹ گنوں، گولیوں سے شدید حملے کرتے ہوئے دو سو کے قریب شہریوں کو زخمی کیا گیا ہے 17 کے قریب شہری شدید زخمی حالت میں سرینگر ہسپتال منتقل کیے گئے ہیں۔ ہندوستان کی دہشت گرد افواج نے کیمیکل چھڑک کر درجن کے قریب گھروں کو جلا دیاہے۔ بھارت جمہوریت کی آڑ میں نہتے شہریوں پر جان لیوا حملے کررہا ہے مقررین کا کہنا تھا کہ ان حالات میں دنیا میں امن ، انصاف اور جمہوریت کے دعویدار ممالک ،اقوام متحدہ ،او آئی سی اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہیں۔ مقررین نے کہا کے بھارت ایک ظالم اور بدتر ریاست 8طور پر کشمیری عوام سے برتاؤ کررہاہے۔ بھارت نے ہمیشہ امن کی آڑ میں کشمیری عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑے ہیں۔ جموں کشمیر کے عوام سلامتی کونسل کے ممبر ممالک سے حق خودارادیت کا مطالبہ کرتے ہیں۔ مقررین نے کہا کے بھارت کو یہ جان لینا چاہیے کے کشمیری عوام کی مبنی برحق جدوجہد کو کھبی بھی کچل نہیں سکے گا۔ ریاست کے عوام نے بھارت سے آزادی اور حقوق کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ مقررین نے اقوام متحدہ سے متنازع ریاست کے اندر جاری بھارتی افواج کے تمام تر محاصروں، آپریشنز اور قتل و غارت کو بند کروانے کا مطالبہ کیا۔ بھارت مخالف احتجاج میں شریک شہریوں نے آزادی ، شہدائے کشمیر اور کشمیری آزادی پسند عوام کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کیے اور مرکزی شاہراہ پر مارچ کیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں